برطانیہ: گلاسٹنبری میوزک فیسٹیول میں فنکاروں کا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیل کے خلاف نعرے

دنیا - 30 جون 2025
لندن: برطانیہ میں ہونے والے معروف سالانہ گلاسٹنبری میوزک فیسٹیول کے دوران کئی فنکاروں نے فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔
آئرلینڈ کے مشہور ریپ بینڈ "نی کیپ" (Kneecap) نے اپنے کنسرٹ کے دوران "فلسطین کو آزاد کرو" کے نعرے لگائے، جس پر شائقین نے بھی بھرپور ردِعمل دیا۔ بینڈ کے رکن مو شارا نے اپنے خطاب میں کہا کہ "میں اپنی آمدنی میں کمی برداشت کر لوں گا، لیکن تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑا رہوں گا۔ اگر ہم آواز بلند کریں گے، تو دوسرے موسیقار بھی فلسطین کے حق میں بولنے کا حوصلہ پائیں گے۔"
اس کے علاوہ فیسٹیول میں شریک برطانوی ریپ گلوکار باب وائلن (Bob Vylan) نے بھی فلسطین کے حق میں نعرے لگائے، جن میں "Free Palestine" اور "مرگ بر اسرائیلی فوج (Death to IDF)" جیسے جملے شامل تھے۔
یہ مظاہرہ اس بات کا عکاس ہے کہ عالمی فنکار برادری میں فلسطینی عوام سے ہمدردی اور اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید بڑھتی جا رہی ہے۔