آپریشن بنیان مرصوص: ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد پر فلم کی تجویز، فواد خان کے نام کی بازگشت

پاکستان - 30 جون 2025
پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت اور مودی حکومت کے جنگی جنون کے خلاف کیے گئے "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی کی گونج آج بھی سنائی دیتی ہے۔ اس تاریخی آپریشن کے بعد پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد اپنی شاندار قائدانہ صلاحیتوں اور بھارت کو بھرپور جواب دینے کی وجہ سے نیشنل کرش بن گئے۔ وہ کئی دنوں تک سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ بھی رہے۔
مداحوں نے اس آپریشن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے معروف فلم ساز نبیل قریشی سے مطالبہ کیا کہ اس موضوع پر فلم بنائی جائے۔ نہ صرف فلم کی درخواست کی گئی بلکہ مداحوں نے مختلف اداکاروں کے نام بھی تجویز کیے جو مختلف کرداروں میں موزوں ہو سکتے ہیں۔
اسی سلسلے میں، حال ہی میں اداکارہ امر خان نے جیو پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں میزبان نے ان سے پوچھا کہ اگر "آپریشن بنیان مرصوص" پر فلم بنائی جائے تو ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کا کردار کس اداکار کو نبھانا چاہیے؟ امر خان نے فوراً فواد خان کا نام لیا، ان کا کہنا تھا کہ:
"فواد خان نہ صرف ظاہری مشابہت رکھتے ہیں بلکہ وہ اس کردار کی وقار اور شدت کو بہترین انداز میں ادا کر سکتے ہیں۔"
فلمی حلقوں میں اب اس موضوع پر سنجیدہ گفتگو شروع ہو چکی ہے، اور شائقین اس خواہش کا اظہار کر رہے ہیں کہ پاکستان کے اس عظیم فوجی کارنامے کو سنیما کے پردے پر بھی پیش کیا جائے۔