ایف بی آر مالی سال 2024-25 کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام، شارٹ فال میں خطرناک اضافہ

پاکستان - 30 جون 2025
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) مالی سال 2024-25 کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا ہے، جہاں ابتدائی ہدف کے مقابلے میں 1,470 ارب روپے کا نمایاں شارٹ فال سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا اصل ہدف 12,977 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے دو مرتبہ نظرثانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے نظرثانی شدہ ہدف 12,332 ارب روپے پر لایا گیا، جس کے مقابلے میں 832 ارب روپے کی کمی سامنے آئی۔ بعد ازاں یہ ہدف مزید کم کر کے 11,900 ارب روپے کر دیا گیا، تاہم اس میں بھی ایف بی آر کامیابی حاصل نہ کر سکا۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز دفاتر بند ہونے تک صرف 11,280 ارب روپے ہی جمع کیے جا سکے، جبکہ بقیہ 620 ارب روپے آج کے دن جمع کرنے تھے جو بظاہر ممکن دکھائی نہیں دیتے۔
اندازہ ہے کہ ایف بی آر مالی سال کے اختتام تک زیادہ سے زیادہ 11,500 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کر پائے گا، جس کا مطلب ہے کہ دوسرے نظرثانی شدہ ہدف سے بھی تقریباً 400 ارب روپے کا شارٹ فال رہے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ ٹیکس شارٹ فال نہ صرف معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے بلکہ آئندہ مالی سال کے مالیاتی اہداف اور آئی ایم ایف کے ساتھ وعدوں پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔