وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ملتوی، درخواست گزار غیر حاضر

پاکستان - 01 جولائی 2025
لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف ججز سے متعلق مبینہ نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر دائر توہین عدالت کی متفرق درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے یہ فیصلہ درخواست گزار کی عدم حاضری کے باعث کیا۔
ذرائع کے مطابق، جسٹس محمد وحید خان نے اشبا کامران کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی، تاہم درخواست گزار عدالت میں پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے کارروائی مؤخر کر دی۔
درخواست میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا تھا کہ انہوں نے 28 مئی کو اپنی ایک تقریر میں عدلیہ کو "کالی بھیڑ" قرار دیا، جو عدلیہ کی آزادی، ساکھ اور ایمانداری پر حملے کے مترادف ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے توہین آمیز ریمارکس توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں، اس لیے عدالت ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے۔
تاہم درخواست گزار کی عدالت میں عدم حاضری کے باعث کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔