سوات آپریشن میں قانونی املاک کو نقصان قابلِ مذمت ہے، امیر مقام

پاکستان - 01 جولائی 2025
وفاقی وزیر امیر مقام نے سوات میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کی آڑ میں شہریوں کی قانونی املاک کو نقصان پہنچانا قابلِ مذمت اقدام ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سیاحت کے شعبے کو بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔
امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ ان کے ذاتی ہوٹل کی باؤنڈری وال گرائی گئی، جو دراصل سیاسی انتقام اور اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوٹل کی ملکیت کے تمام قانونی دستاویزات، این او سی اور منظور شدہ نقشہ موجود ہیں اور وہ اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
انہوں نے ان تمام متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا جنہیں اس آپریشن میں ناانصافی کا سامنا کرنا پڑا۔