ڈی آئی خان: مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی کیلئے ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ

پاکستان - 01 جولائی 2025
ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزارت داخلہ نے کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری خیبرپختونخوا کو ایک پلاٹون تعینات کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے، خاص طور پر اس کے بعد جب مولانا فضل الرحمٰن کے بیٹے پر حملے اور اغوا کی کوشش کے واقعات سامنے آئے۔ وزیراعظم نے ان واقعات پر مولانا سے ملاقات کے دوران گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔
حکام کے مطابق، ایف سی کی تعیناتی کا مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔ ڈی آئی خان اور خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ڈی آئی خان میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور کالعدم تنظیموں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تاجر برادری سمیت مختلف حلقے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، جس کے بعد سیاسی جماعتوں نے حکومت سے غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔