ہر شہری کا ٹیکس فائلر ہونا ضروری ہے، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

پاکستان - 01 جولائی 2025
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ اب ہر پاکستانی شہری کے لیے ٹیکس فائلر بننا ناگزیر ہو چکا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس نہ دینے کی صورت میں باقاعدہ کمیٹی کے ذریعے تین نوٹسز جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری کا عمل وقت لے گا، تاہم اصلاحات کا آغاز ضروری ہے تاکہ دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات سمیت کئی دیگر ممالک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے ایران-اسرائیل جنگ کے تناظر میں کہا کہ اس دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کی پیش گوئیاں کی جا رہی تھیں، جس کا براہِ راست اثر ملکی معیشت پر بھی پڑا ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ مشکل فیصلوں کے ذریعے ہی معیشت کو درست سمت میں لایا جا سکتا ہے، اور عوام کی شمولیت، خصوصاً ٹیکس نیٹ میں اضافے کے بغیر یہ ممکن نہیں ہوگا۔