اسٹاک مارکیٹ کی بلند ترین سطح حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک 100 انڈیکس کے 1 لاکھ 27 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

 

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا نئی بلند ترین سطح پر پہنچنا ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد اور حکومتی اقتصادی پالیسیوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے گامزن ہے، اور اسٹاک مارکیٹ کی یہ پیش رفت اسی اعتماد کا مظہر ہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیا مالی سال خوشخبری اور معاشی ترقی کی اہم پیش رفت کے ساتھ شروع ہوا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے نیک شگون ہے۔

 

اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کا اعتماد ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہو رہا ہے، اور یہ مالی سال معیشت کی بہتری کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

 

انہوں نے سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دینے پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔

 

شہباز شریف نے اس معاشی پیش رفت پر حکومتی معاشی ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔