جوڈیشل کمیشن اجلاس، جسٹس عتیق شاہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نامزد

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں چاروں ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کی تقرری کے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

 

اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے عہدے کے لیے جسٹس جنید غفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کے نام زیر غور ہیں، جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے جسٹس روزی خان بڑیچ، جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کاسی کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔

 

کمیشن میں چیف جسٹس آف پاکستان، سپریم کورٹ کے چار ججز، اٹارنی جنرل، حکومت و اپوزیشن کے دو دو نمائندے، پاکستان بار کونسل کے رکن احسن بھون، اسپیکر قومی اسمبلی کی نامزد نمائندہ روشن خورشید بھروچہ، متعلقہ صوبوں کے وزرائے قانون، ہائی کورٹ بارز کے نمائندگان اور سابق ججز شریک ہیں۔

 

جوڈیشل کمیشن کے 16 ارکان میں سے کم از کم 9 کی اکثریتی رائے سے کسی بھی چیف جسٹس کی تقرری منظور کی جاتی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق شام 3 بجے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے اجلاس طلب کیا گیا ہے، جب کہ ساڑھے 3 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے تین سینئر ججز کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔