عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کے بلوں سے ’’الیکٹریسٹی ڈیوٹی‘‘ ختم کرنے کا فیصلہ

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

وفاقی حکومت نے بجلی کے بلوں میں عوام پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے جولائی 2025 سے ’’الیکٹریسٹی ڈیوٹی‘‘ کی وصولی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 

اس سلسلے میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ کو باضابطہ خط لکھ کر تعاون کی درخواست کی ہے۔ خط میں انہوں نے نشاندہی کی کہ بجلی کے بلوں میں شامل مختلف چارجز، ٹیکسز اور ڈیوٹیوں سے بل نہ صرف پیچیدہ بلکہ غیر شفاف ہو جاتے ہیں، جس سے صارفین کو سمجھنے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔

 

اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت نان الیکٹریسٹی چارجز، یعنی وہ تمام محصولات جو براہِ راست بجلی سے متعلق نہیں، کو بلوں سے نکالنے پر غور کر رہی ہے تاکہ صارفین صرف اپنی استعمال شدہ بجلی کی قیمت ہی ادا کریں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نجی بجلی گھروں (IPPs) کے ساتھ معاہدوں پر نظرِ ثانی سمیت دیگر ساختی اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں پائیدار کمی ممکن بنائی جا سکے۔

 

وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ صوبائی حکومتیں اپنی محصولات کی وصولی کے لیے بجلی کے بلوں کے علاوہ متبادل طریقے اختیار کریں تاکہ بلوں کو سادہ، شفاف اور قابل فہم بنایا جا سکے۔

 

انہوں نے تمام وزرائے اعلیٰ سے اس اقدام کی کامیابی کے لیے متبادل نظام تجویز کرنے اور اس پر عمل درآمد میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔