دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کا واقعہ: محکمہ آبپاشی کی رپورٹ جاری، پیشگی وارننگ کا دعویٰ

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کے افسوسناک واقعے پر محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیلاب کے خطرے سے متعلق تمام متعلقہ اداروں کو بروقت وارننگ جاری کر دی گئی تھی۔

 

رپورٹ کے مطابق 27 جون کو خوازہ خیلہ کے مقام پر دریائے سوات کے بہاؤ میں اچانک اور خطرناک حد تک اضافہ ہوا، جو چند گھنٹوں میں 6738 کیوسک سے بڑھ کر 77782 کیوسک تک جا پہنچا۔

 

محکمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صبح 8:41 پر سیلابی صورتِ حال سے متعلق وارننگ جاری کر دی گئی تھی، جس کی اطلاع ضلعی انتظامیہ سوات، چارسدہ اور نوشہرہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھی دی گئی۔ واٹس ایپ کے ذریعے مسلسل دریا کے بہاؤ کی اپڈیٹس فراہم کی گئیں، جبکہ صبح 10:30 بجے شدید سیلاب کا انتباہ بھی جاری کیا گیا۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاح معمول کے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے دریا کے اندر داخل ہو گئے اور اچانک پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس گئے۔ محکمہ کے مطابق 2022 کے بعد دریا میں مٹی بھرنے سے اس کا بہاؤ سطحی لگنے لگا ہے، جس سے سیاح ندی کے اندر تک چلے جاتے ہیں۔

 

محکمہ آبپاشی نے ریسکیو 1122 کو فلڈ ریسکیو آلات فراہم کرنے، سیاحتی مقامات پر داخلے کو محدود کرنے، ہوٹل مالکان کو سیاحوں کو خطرناک مقامات پر جانے سے روکنے کا پابند بنانے اور مقامی انتظامیہ کو مؤثر پالیسی سازی کی سفارش کی ہے۔

 

اس کے علاوہ مدین اور کالام جیسے حساس مقامات پر اضافی ٹیلی میٹری گیجز نصب کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں سیلابی صورتحال کی بہتر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔