ٹرمپ کا اہم اقدام: شام پر اقتصادی پابندیاں ختم، کیوبا پر دوبارہ عائد

دنیا - 01 جولائی 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر عائد اقتصادی پابندیاں باضابطہ طور پر ختم کرتے ہوئے ایک صدارتی ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی کیوبا پر دوبارہ معاشی پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق یہ ایگزیکٹو آرڈر 2004 میں جاری کیے گئے اُس حکم کو منسوخ کرتا ہے جس کے تحت شام کی حکومت کے اثاثے منجمد کیے گئے تھے اور کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ پروگرام کے باعث اس پر برآمدات کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
اس نئے اقدام کے تحت شام پر عائد بیشتر مالیاتی پابندیاں ختم ہو جائیں گی، تاہم بعض اہم پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی، جن میں 2019 میں نافذ ہونے والا ’’قیصر سیریئن سویلین پروٹیکشن ایکٹ‘‘ بھی شامل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد شام میں تعمیر نو، توانائی کے شعبے اور قدرتی گیس کی ترقی کے لیے مالی معاونت کو محدود رکھنا ہے، جب کہ شام کو بدستور دہشت گردی کی معاون ریاست قرار دیا جاتا رہے گا۔