پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نیا مالی سال تاریخی تیزی کے ساتھ شروع، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کا آغاز مثالی انداز میں ہوا، مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے کو ملا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح عبور کر لی۔

 

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جہاں 100 انڈیکس ابتدائی طور پر 1100 پوائنٹس اضافے کے بعد 1,26,669 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا۔ سرمایہ کاروں کے پراعتماد رویے اور مسلسل خریداری کے رجحان کے باعث یہ سلسلہ جاری رہا اور دن کے اختتام تک انڈیکس میں مجموعی طور پر 1248 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 1,26,876 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی ایک بڑی وجہ چین کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 ارب 40 کروڑ ڈالر قرض کا رول اوور، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر کا 14 ارب ڈالر تک پہنچنا، اور امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدوں کی توقعات ہیں، جنہوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھا ہے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 1248 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,25,627 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

 

گزشتہ روز مارکیٹ میں مجموعی طور پر 25 کروڑ 89 لاکھ 93 ہزار 624 شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کی مالیت 20 ارب 30 کروڑ 13 لاکھ 57 ہزار 542 روپے رہی۔