ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز شدید گرمی کے ساتھ، ہیٹ رول نافذ، پہلا بڑا اپ سیٹ بھی سامنے آ گیا

news-banner

دنیا - 01 جولائی 2025

ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ 2025 کا آغاز شدید گرمی کے ساتھ ہوا، جہاں افتتاحی روز درجۂ حرارت 32.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو ایونٹ کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔

 

گرمی کی شدت کے پیش نظر منتظمین نے کھلاڑیوں کے لیے ’ہیٹ رول‘ نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت اگر درجۂ حرارت 30.1 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد ہو جائے تو کھلاڑیوں کو 10 منٹ کا وقفہ لینے کی اجازت ہوگی۔ تاہم یہ سہولت صرف ان کھلاڑیوں کو دستیاب ہو گی جو کھلے آسمان تلے مقابلے میں حصہ لے رہے ہوں گے۔

 

بریک کے دوران کھلاڑی کورٹ سے باہر جا سکیں گے، مگر کوچنگ یا میڈیکل ٹریٹمنٹ لینا ممنوع ہوگا۔

 

ایونٹ کے پہلے دن ہی بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا، جہاں روس کے اسٹار کھلاڑی ڈینیل میدویدیف غیر متوقع طور پر شکست کا شکار ہو گئے۔

 

دوسری جانب ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ ارینا سبالینکا نے شاندار کامیابی حاصل کی، جب کہ اسپین کے کارلوس الکاریز بھی آسانی سے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

 

محکمہ موسمیات اور منتظمین کے مطابق اس سال درجۂ حرارت 35.7 ڈگری کے سابقہ ریکارڈ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے، جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔