پاکستان کا پہلا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کیاسک لاہور ایئرپورٹ پر قائم، فوری سہولت دستیاب

دنیا - 01 جولائی 2025
پاکستان میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی سہولت ایئرپورٹ پر فراہم کر دی گئی ہے۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کیاسک قائم کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے کیا۔
افتتاح کے موقع پر سی ٹی او نے بتایا کہ اب شہری بیرون ملک روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر ہی چند منٹوں میں اپنا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس لائسنس کی مدد سے پاکستانی شہری دنیا کے 132 ممالک میں قانونی طور پر گاڑی چلا سکیں گے۔
یہ سہولت پاکستان بھر کے ایئرپورٹس میں اپنی نوعیت کی پہلی سہولت ہے، جو مسافروں کے لیے وقت اور سہولت دونوں لحاظ سے ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔