تھائی لینڈ: وزیراعظم فون کال لیک معاملے پر معطل

دنیا - 01 جولائی 2025
تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم پیتونگاترن شیناوترا کو عہدے سے معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ سابق کمبوڈین وزیراعظم کے ساتھ لیک ہونے والی فون کال کے تناظر میں کیا گیا، جس میں تھائی فوج پر مبینہ تنقید کی گئی تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، 36 سینیٹرز نے وزیراعظم کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس میں ان پر بے ایمانی اور آئینی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
عدالت نے کہا ہے کہ حتمی فیصلے تک وزیراعظم اپنے عہدے پر کام نہیں کر سکیں گی۔ اس دوران نائب وزیراعظم ملک کے عبوری سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ ماہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد وزیراعظم کی ایک فون کال منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے تھائی فوج کی حکمتِ عملی پر تنقید کی تھی۔
معطلی کے بعد جاری بیان میں پیتونگاترن شیناوترا نے عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا، "میں نے ہمیشہ ملک کے لیے 100 فیصد دیانتداری سے کام کرنے کی کوشش کی۔ اگر میرے کسی عمل سے قوم کو دکھ پہنچا ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔"