محرم الحرام میں فلمیں ریلیز نہ کرنے کی اپیل، عمران عباس کا مؤقف

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

معروف ماڈل و اداکار عمران عباس نے فلم پروڈیوسرز، ڈسٹری بیوٹرز اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے اس کے ابتدائی ایام میں فلموں کی ریلیز مؤخر کر دیا کریں۔

 

اپنی فیس بک پوسٹ میں عمران عباس نے کہا کہ جیسے رمضان المبارک اور ربیع الاول کے مہینوں میں مذہبی جذبات کا احترام کیا جاتا ہے، ویسے ہی محرم الحرام میں بھی سنجیدگی اور وقار کا مظاہرہ ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ کسی مسلک سے نہیں بلکہ مشترکہ اسلامی اقدار سے وابستہ ہے، جو ہم سب کے لیے یکساں محترم ہیں۔

 

عمران عباس نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا کہ پی ٹی وی محرم کے ابتدائی دنوں میں موسیقی سے پاک پروگرام نشر کرتا تھا، لیکن آج حالات بدل چکے ہیں اور یہاں تک کہ 9 محرم کو بھی موسیقی اور تفریحی مواد پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ معاشرتی رجحانات رفتہ رفتہ سنجیدگی سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

 

اداکار کا کہنا تھا کہ فلموں کی ریلیز میں چند دن کی تاخیر کسی نقصان کا باعث نہیں بنتی، لیکن حساس مذہبی ایام کا احترام عوامی جذبات کی تسکین اور سماجی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں فنکار نہیں بلکہ فلم ریلیز کا شیڈول طے کرنے والے ادارے اور افراد ذمہ دار ہوتے ہیں۔

 

عمران عباس نے آخر میں سب سے اپیل کی کہ رمضان، ربیع الاول اور محرم جیسے مہینوں کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے، تاکہ ہم اپنی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو برقرار رکھ سکیں۔