پاکستان - 20 نومبر 2025
روس کی پاکستان، بھارت اور افغانستان میں ثالثی کی پیشکش ,خطے میں کشیدگی کم کرنے کا عندیہ
دنیا - 20 نومبر 2025
روس نے خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال تشویشناک ہے، خصوصاً افغانستان کا معاملہ روس کے لیے انتہائی حساس اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے دونوں ہمسایہ ممالک—بھارت اور افغانستان—کے ساتھ جاری کشیدگی کم کرنے میں مدد کے لیے تیار ہے۔
روسی سفیر نے بیرونی قوتوں کی مداخلت کو جنوبی ایشیا میں تناؤ میں اضافے کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو ہمیشہ علاقائی استحکام، امن اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کا حامی رہا ہے۔
سفیر کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کے تنازعات کو بہتر طور پر علاقائی ممالک ہی حل کر سکتے ہیں اور پاکستان خطے میں اپنی جغرافیائی و سفارتی اہمیت کے باعث ایک کلیدی شراکت دار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ معاشی و سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
یہ پیشکش اس وقت سامنے آئی ہے جب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ماسکو میں صدر ولادیمیر پوٹن سے حالیہ ملاقات کے بعد پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔
دیکھیں

