تازہ ترین - 20 نومبر 2025
وزیراعلیٰ مریم نواز: پنجاب میں بچوں کے تحفظ کیلئے سخت کریک ڈاؤن جاری
پاکستان - 20 نومبر 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد اور سنگین جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ چائلڈ لیبر کے انسداد کے لیے صوبے بھر میں سخت کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
ورلڈ چلڈرن ڈے کے موقع پر اپنے محبت بھرے پیغام میں انہوں نے کہا کہ "میرے پاکستان کا ہر بچہ میری اپنی اولاد کی طرح ہے، ان کا مستقبل، ان کی حفاظت اور ان کی خوشی میری اولین ترجیح ہے"۔ مریم نواز نے پنجاب کے تمام بچوں کے لیے دعاؤں اور شفقت پر مبنی سلام بھی پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ بچے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، اسی لیے پنجاب حکومت کا ہر قدم بچوں کی بھلائی، صحت، اعلیٰ تعلیم اور خوشیوں کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چائلڈ ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی گئیں، جبکہ ٹائپ-ون شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کِٹس گھر گھر پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پہلا مکمل آٹزم اسکول قائم کیا جا چکا ہے جس کا افتتاح جلد ہوگا، جبکہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے بتایا کہ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام بچوں کی گمشدگی، استحصال اور دیگر خطرات کے کیسز جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد اور بھیانک جرائم کے خاتمے کے لیے سرگرمی سے کام کیا جا رہا ہے، اور پنجاب بھر میں بچوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے اسکول میل پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ بھوک تعلیمی رکاوٹ نہ بنے۔ سرکاری اسکولوں کے بچوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خصوصی بچوں کے لیے مصنوعی اعضا، ہیرنگ ایڈز اور وہیل چیئرز فراہم کی جا رہی ہیں۔
آخر میں مریم نواز نے کہا کہ جب تک ہر بچے کی آنکھ میں روشن مستقبل کی خوشی نہیں جھلکتی، جدوجہد جاری رہے گی—“پنجاب کا ہر بچہ پڑھے گا، صحت مند رہے گا اور مسکراتا ہوا بڑھے گا۔ ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔”
دیکھیں

