تازہ ترین - 20 نومبر 2025
دنیا بھر میں آج یومِ اطفال منایا جا رہا ہے، بچوں کے حقوق اور فلاح پر زور
دنیا - 20 نومبر 2025
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ اطفال منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بچوں کی بہترین تربیت، دیکھ بھال اور حقوق کے حوالے سے والدین اور معاشرے میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ آنے والی نسلیں معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔
یونیسیف کے تحت 20 نومبر 1989 سے منایا جانے والا یہ دن بچوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور ان کی فلاح و بہبود بہتر بنانے کا عالمی عزم ہے۔ اس موقع پر والدین کو یاد دلایا جاتا ہے کہ ابتدائی عمر میں بچوں کو کھیل، گھومنے پھرنے اور سیکھنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما بہتر ہو سکے۔
پاکستان میں اب بھی گھروں، ہوٹلوں، کارخانوں، اینٹوں کے بھٹوں اور مختلف کاروباری مراکز میں بڑی تعداد میں بچے محنت مزدوری پر مجبور ہیں، جہاں انہیں کم اجرت اور تشدد جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چائلڈ لیبر کی حوصلہ شکنی اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔
عالمی یومِ اطفال پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق، تعلیم اور تربیت کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال یومِ اطفال "میرا دن، میرے حقوق" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو ہر بچے کے بنیادی حقوق اور ان کی نشوونما پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما، مکمل تحفظ اور معیاری تعلیم کسی بھی ملک کے مستقبل کو مضبوط بناتے ہیں، اسی لیے حکومت نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے تاکہ اسکول سے باہر بچوں کو فوری طور پر تعلیمی نظام میں شامل کیا جا سکے۔
انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرے سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی بہتر تربیت، حقوق کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
دیکھیں

