کاروبار - 21 نومبر 2025
وزیراعظم: صنعتی ترقی کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، نجی شعبے کی تجاویز کو قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا
کاروبار - 21 نومبر 2025
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور آمدن میں بہتری صنعتی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح کاروباری ماحول میں آسانیاں پیدا کرنا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت نجی شعبے کی صنعتی ترقی کمیٹی کے پہلے جائزہ اجلاس میں ملکی صنعتی ترقی سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں، جن کا وزیراعظم نے خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی تیار کردہ تجاویز انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، کاروباری برادری نے ملک کے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا اور معاشی بحران سے نکلنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر عملدرآمد کا واضح لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق اللہ کے فضل سے معیشت درست سمت میں جا رہی ہے، مگر ملک کی ترقی کے لیے مسلسل محنت جاری رکھنا ضروری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، وزیراعظم کے مشیران اور صنعتکاروں پر مشتمل صنعتی ورکنگ گروپ نے شرکت کی، جہاں ملکی صنعت کو مسابقتی بنانے اور سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق مختلف پالیسی تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان سفارشات کو معیشت کے دیگر شعبوں کی تجاویز کے ساتھ ملا کر قومی پالیسی فریم ورک میں شامل کیا جائے۔
دیکھیں

