پاکستان کی مالدیپ کو 49-39 سے زیر کر کے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں رسائی

news-banner

دنیا - 01 جولائی 2025

پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالدیپ کو 49 کے مقابلے میں 39 پوائنٹس سے شکست دے کر ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ گروپ بی کے تمام میچز جیتنے کے بعد قومی ٹیم ناقابل شکست رہی اور 10 پوائنٹس کے ساتھ پول بی میں سرفہرست رہی۔

 

یہ میچ جنوبی کوریا کے جیونجو ہواسان جمنازیم میں کھیلا گیا، جہاں پہلے کوارٹر میں سخت مقابلے کے بعد پاکستان نے 12-14 کی برتری حاصل کی۔ دوسرے کوارٹر میں مالدیپ نے زبردست کم بیک کیا اور ہاف ٹائم تک اسکور 26-24 کر دیا۔ تاہم تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بالآخر 39-49 سے کامیابی سمیٹی۔

 

پاکستان کی جانب سے لیا رضا شاہ، علیشہ نوید، سمیہ کوثر، حلیمہ، جاسمین فاروق اور فرح رشید نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ فیڈریشن کے حکام نے ٹیم کی شاندار پرفارمنس پر مبارکباد پیش کی۔

 

سیمی فائنل مرحلے میں پاکستان پلیٹ کپ ڈویژن کے تحت 3 جولائی کو جاپان کے خلاف میدان میں اترے گا، جسے پہلے ہی گروپ میچ میں 39-79 کے بڑے مارجن سے شکست دے چکا ہے۔

 

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں سعودی عرب کو 15-71، چائنیز تائپے کو 32-56 اور میزبان جنوبی کوریا کو 6-91 سے شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

 

یاد رہے کہ ایونٹ میں کل 11 ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، سری لنکا، ملائیشیا، سنگاپور اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی میں پاکستان، جاپان، کوریا، چائنیز تائپے، مالدیپ اور سعودی عرب شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ 27 جون سے 4 جولائی تک جاری رہے گا۔