جسٹس منصور علی شاہ کا جوڈیشل کمیشن اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم پر فوری فیصلے کا مطالبہ

پاکستان - 01 جولائی 2025
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے 26ویں آئینی ترمیم پر فوری اور ترجیحی فیصلے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حساس آئینی معاملے پر پہلے فیصلہ ہونا چاہیے، دیگر تقرریوں اور امور کو بعد میں زیر غور لایا جائے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے تقرر پر غور ہوا، جہاں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو اس عہدے کے لیے نامزد کرنے کی منظوری دی گئی۔ تاہم، اجلاس کے دوران جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے 26ویں ترمیم کو اہم ترین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس پر فوری فیصلے کا مطالبہ کیا گیا۔
جسٹس منیب اختر نے بھی جسٹس منصور کے مؤقف کی تائید کی، جبکہ جوڈیشل کمیشن میں شامل تحریک انصاف کے دو اراکین اور خیبرپختونخوا کے وزیر قانون نے بھی ان کے مؤقف سے اتفاق کیا۔
اس پیش رفت نے 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق قانونی و آئینی بحث کو مزید اجاگر کر دیا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ جلد ہی اعلیٰ عدالتی ایوان میں زیر سماعت لایا جائے گا۔