بابر اعظم پر تنقید نے اُن کے کھیل پر منفی اثر ڈالا، فہیم اشرف کا انکشاف

پاکستان - 01 جولائی 2025
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے سابق کپتان بابر اعظم کی حالیہ کارکردگی میں تنزلی کی ممکنہ وجہ بیان کر دی۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم سوشل میڈیا پر ہونے والی مسلسل تنقید سے متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث انہوں نے اپنے قدرتی کھیل کا انداز بدلنے کی کوشش کی — اور یہی تبدیلی اُن کے حق میں بہتر ثابت نہ ہو سکی۔
فہیم نے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے کوئی بڑا ٹائٹل تو نہیں جیتا، لیکن بطور بیٹر ان کی کلاس اپنی جگہ ہے، اور انہیں اپنی نیچرل گیم پر قائم رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کو زبردستی کھیلنے کا انداز بدلنے پر مجبور کرنا درست نہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر مجھ جیسے کھلاڑی کو بابر کی طرح کھیلنے کا کہا جائے تو یہ غلط ہے، اور اگر بابر سے یہ توقع کی جائے کہ وہ ہر اوور میں چھکے مارے تو یہ بھی ناانصافی ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے سابق کپتان بابر اعظم کی کارکردگی پر جاری تنقید پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابر میچ جیتتا ہے، مگر وہ ہمیشہ اپنے مخصوص انداز میں کھیلتے ہوئے یہ کرتا ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران فہیم اشرف نے کہا کہ بابر کو سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے اس نے اپنے نیچرل کھیلنے کے انداز میں تبدیلی لانے کی کوشش کی، لیکن اس سے ان کی کارکردگی پر منفی اثر پڑا۔
فہیم نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ بابر پر اپنا انداز بدلنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے بجائے، اس پر اعتماد کریں اور اسے اپنے اسٹائل میں کھیلنے کی آزادی دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر کھلاڑی کا اپنا طریقہ ہوتا ہے، اور کسی کو بھی مجبور نہیں کیا جا سکتا کہ وہ سب کی خواہشات کے مطابق کھیلے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو حالیہ عرصے میں اپنے اسٹرائیک ریٹ کے باعث شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔ انہوں نے آخری ففٹی 2023 میں آئرلینڈ کے خلاف اسکور کی تھی، اور اس وقت وہ قومی اسکواڈ سے باہر ہیں۔