سردار فہیم قتل کیس: گوجرانوالہ اور سرگودھا سے دو ملزمان گرفتار، 6 دن میں کیس حل

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

اسلام آباد پولیس نے معروف معاشی و دفاعی تجزیہ کار سردار فہیم کے قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے گوجرانوالہ اور سرگودھا سے دو عادی مجرموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔

 

آئی جی کے مطابق، ملزمان نے واردات سے قبل متاثرہ گھر کی ریکی کی اور دیکھا کہ وہاں آمدورفت کم ہے۔ بعد ازاں وہ ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے اور مزاحمت پر سردار فہیم کو لوہے کی سلاخ سے وار کر کے قتل کر دیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیس پولیس کے لیے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا تھا، جس میں 57 مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی اور صرف 6 دنوں میں اسے منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

 

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے نہ صرف سردار فہیم کیس بلکہ ثنا یوسف کیس، غیر ملکی خاتون سے زیادتی اور دیگر اندھے قتل کے واقعات کو بھی کامیابی سے حل کیا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اندھے قتل جیسے کیس بروقت حل نہ ہوں تو ان کے سراغ کھو جاتے ہیں، خوش آئند بات ہے کہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں کمی آرہی ہے، جو پولیس کی بھرپور محنت کا نتیجہ ہے۔