نیتھن لیون نے "وکٹری سانگ ماسٹر" کی ذمے داری سے ریٹائرمنٹ لے لی

دنیا - 01 جولائی 2025
آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون نے ٹیسٹ کرکٹ سے نہیں بلکہ ٹیم کے جشن منانے کے روایتی انداز — ’وکٹری سانگ‘ کی قیادت سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ وہ گزشتہ 12 برسوں سے آسٹریلوی ٹیم کے "سانگ ماسٹر" کی حیثیت سے میچ جیتنے کے بعد ٹیم کا جوش و خروش سے بھرپور جشن لیڈ کرتے رہے ہیں۔
نیتھن لیون نے اس ذمے داری کی منتقلی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب یہ کردار وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری کو سونپا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے گانے کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی، لیکن اب وہ یہ فریضہ نئے خون کے سپرد کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس اقدام کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں، بلکہ ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ اب ٹیم کے جشن کی قیادت کوئی اور سنبھالے۔
نیتھن لیون نے کہا، "میرا ارادہ تھا کہ اگر ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت جاتے تو یہ ذمے داری کسی اور کو دیتا، تاہم اب ویسٹ انڈیز سیریز میں یہ فیصلہ کر لیا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب بھی آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا مکمل ارادہ رکھتے ہیں اور ان کی نظریں بھارت اور انگلینڈ میں جیت اور ایک اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے پر مرکوز ہیں۔
واضح رہے کہ نیتھن لیون 138 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہوں نے یہ ثقافتی ذمے داری مائیک ہسی سے سنبھالی تھی، جو خود 67 ٹیسٹ میچز میں یہ کردار نبھا چکے تھے۔