اداکارہ اسما عباس، بھارتی فنکارہ شفالی کی موت پر افسوس کا اظہار

انٹرٹینمنٹ - 01 جولائی 2025
پاکستانی اداکارہ اسما عباس کو حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جس کی وجہ بھارتی اداکارہ شفالی کی موت پر ان کا افسوس اور بیان ہے۔
شفالی، جنہوں نے مشہور ریمکس گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت حاصل کی اور بگ باس سیزن 13 کی معروف امیدواروں میں شامل رہیں، 3 روز قبل صرف 42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔
اسما عباس نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پیغام میں شفالی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ایک چونکا دینے والی خبر ہے کہ بظاہر تندرست نظر آنے والی اداکارہ محض 42 برس کی عمر میں چل بسیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ سنا ہے ان کی موت اینٹی ایجنگ انجیکشنز اور ٹریٹمنٹس کے باعث ہوئی۔"
انہوں نے مزید کہا، "آخر عمر رسیدہ ہونے میں کیا قباحت ہے؟ یہ قدرتی عمل ہے، جسے عزت سے قبول کرنا چاہیے۔"
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسما عباس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، بعض نے ان پر غیرضروری ذاتی رائے دینے کا الزام لگایا جبکہ دیگر نے ان کے مؤقف کو جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ قرار دیا۔