بار بار نام بھول جانا… ماہرین کے مطابق ذہنی دباؤ اور بڑھتی عمر کی اہم علامت

news-banner

تازہ ترین - 29 نومبر 2025

نام بھول جانا یادداشت میں کمی کی ایک عام علامت ہے، جس کی بڑی وجوہات میں عمر میں اضافہ، ذہنی دباؤ، نیند کی کمی یا کسی بیماری کی ابتدا شامل ہوسکتی ہے۔


ماہرین کے مطابق آج کے دور میں حافظے کی کمزوری تیزی سے بڑھتی ہوئی شکایت ہے۔ لوگ چیزیں رکھ کر بھول جاتے ہیں، جگہیں یاد نہیں رہتیں، یا ملاقاتوں اور وقت کا خیال نہیں رہتا۔

 

 شدید صورت میں بعض افراد اپنے قریبی رشتوں کے نام تک بھول جاتے ہیں۔

 

ڈاکٹر خالد جمیل اختر نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ نوجوانوں اور بزرگوں میں نام بھولنے کی وجوہات مختلف ہوتی ہیں۔


بڑی عمر میں یہ مسئلہ اکثر ڈیمینشیا کے باعث ہوتا ہے، جس میں دماغ بتدریج سکڑنے لگتا ہے، جبکہ نوجوانوں میں یہ مسئلہ کسی جسمانی بیماری کے بجائے زیادہ ذہنی دباؤ، ضرورت سے زیادہ کام اور نیند کی کمی کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔

 

ڈاکٹر کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہے کہ زندگی پرسکون انداز میں گزاری جائے، مناسب نیند لی جائے، باقاعدہ ورزش کی جائے اور اپنی جسمانی و ذہنی حدود سے زیادہ کام نہ کیا جائے۔


اگر مسئلہ مستقل شکل اختیار کرلے تو ڈاکٹر سے فوری مشورہ کرنا ضروری ہے۔