صبح آنکھ کھلتے ہی موبائل دیکھنے کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ

news-banner

تازہ ترین - 13 مارچ 2026

ماہرین صحت کے مطابق جاگتے ہی موبائل استعمال کرنے سے ذہنی دباؤ، بے چینی اور تھکن میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

 

موجودہ دور میں موبائل فون انسانی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے اور اکثر لوگ دن بھر وقفے وقفے سے اپنی اسکرین دیکھتے رہتے ہیں۔ 

 

ٹیکنالوجی نے جہاں زندگی کو آسان بنایا ہے وہیں اس کے غیر ضروری استعمال کے باعث صحت اور روزمرہ زندگی پر منفی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

 

ایک سروے کے مطابق تقریباً 84 فیصد افراد صبح بیدار ہونے کے فوراً بعد یا پندرہ منٹ کے اندر موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس پر ماہرین صحت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 

تحقیق کے مطابق جب انسان نیند سے بیدار ہوتا ہے تو اس کا دماغ ابتدا میں ڈیلٹا اسٹیٹ یعنی گہری سکون کی حالت میں ہوتا ہے، پھر آہستہ آہستہ الفا اسٹیٹ میں داخل ہوتا ہے اور بعد میں بیٹا اسٹیٹ تک پہنچتا ہے جہاں دماغ مکمل طور پر متحرک ہو جاتا ہے۔

 

ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص جاگتے ہی موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دے تو دماغ کو اچانک سکون کی حالت سے مکمل سرگرمی کی حالت میں منتقل ہونا پڑتا ہے جس سے ذہنی دباؤ، بے چینی، چڑچڑاپن اور تھکن پیدا ہوسکتی ہے۔

 

ماہرین کا مشورہ ہے کہ بیدار ہونے کے بعد کم از کم 30 منٹ سے ایک گھنٹہ تک موبائل فون استعمال نہ کیا جائے تاکہ دماغ قدرتی طور پر متحرک ہو سکے۔ 

 

اسی طرح سونے سے پہلے موبائل فون کا زیادہ استعمال بھی نیند کے معمول کو متاثر کر سکتا ہے اور مختلف جسمانی و ذہنی مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔