نومبر میں مہنگائی کی شرح 6.1 فیصد پر آ گئی

news-banner

کاروبار - 02 دسمبر 2025

پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں مہنگائی کی شرح 6.1 فیصد رہی، جو اکتوبر کے 6.24 فیصد کے مقابلے میں معمولی کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔ 

 

یہ شرح وزارتِ خزانہ کے اندازے کے دائرہ کار میں آتی ہے۔

 

ماہانہ بنیاد پر نومبر میں مہنگائی 0.4 فیصد رہی، جو اکتوبر میں 1.8 فیصد اضافے کے مقابلے میں کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اکتوبر میں مہنگائی بڑھ گئی تھی، لیکن نومبر میں مجموعی طور پر یہ قابو میں رہی۔

 

پی بی ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سالانہ بنیاد پر ایس پی آئی مہنگائی نومبر 2025 میں 4.2 فیصد رہی، جبکہ اکتوبر میں یہ 4.8 فیصد تھی اور نومبر 2024 میں 7.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ماہانہ بنیاد پر نومبر 2025 میں مہنگائی 0.4 فیصد رہی، جو ایک ماہ قبل 0.9 فیصد اور نومبر 2024 میں 1 فیصد تھی۔

 

گذشتہ سال اسی عرصے میں مہنگائی تقریباً 30 فیصد کے قریب تھی، تاہم سپلائی مشکلات اور سیلاب کے نقصانات کے بعد خوراک کی قیمتیں اب بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔

 

وزارتِ خزانہ نے توقع ظاہر کی تھی کہ بہتر فصلوں اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باعث نومبر میں مہنگائی 5 سے 6 فیصد کے دائرہ کار میں رہے گی۔ 

 

یہ اعداد و شمار اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں مرکزی بینک نے کلیدی شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھی، اور کہا کہ مہنگائی آئندہ چند ماہ میں 5 سے 7 فیصد کی حد کے کچھ اوپر رہ سکتی ہے، مگر اگلے مالی سال میں کمی متوقع ہے۔