سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے پہلی بار شیئر ہولڈرز کے لیے عبوری منافع کا اعلان کر دیا

news-banner

کاروبار - 04 دسمبر 2025

کراچی: سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (ایس ٹی ڈی سی) نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے پہلی بار شیئر ہولڈرز کے لیے عبوری منافع کا اعلان کر دیا ہے۔

 

اے آر وائی نیوز کے مطابق بورڈ اجلاس چیئرپرسن رفعت سلطانہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کمپنی کی تین سالہ مالی منصوبہ بندی، کیش فلو اور نیپرا ٹیرف کا جائزہ لیا گیا۔

 

 اجلاس میں کمپنی کی منافع پالیسی کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔

 

یہ فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 38ویں اجلاس میں منظور ہوا اور صوبے کے پاور سیکٹر میں مالی استحکام اور بہتر گورننس کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

 

پالیسی کے مطابق رجسٹرڈ شیئر ہولڈرز کو فی شیئر 3 روپے 27 پیسے ادا کیے جائیں گے۔

 

 ایس ٹی ڈی سی 132 کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی فراہم کرتی ہے اور نوری آباد پاور کمپنی کے 100 میگا واٹ منصوبے سے کے کے ڈی اسکیم 33 گرڈ کو بجلی منتقل کی جاتی ہے۔

 

بورڈ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مالی سال میں کمپنی کے کیش فلو میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی، جس سے نہ صرف عبوری منافع کی ادائیگی ممکن ہوئی بلکہ مستقبل کے آپریشنل اور توسیعی منصوبوں کے لیے مضبوط بنیاد بھی قائم ہوئی۔

 

اجلاس کے بعد بورڈ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ایس ٹی ڈی سی نہ صرف مضبوط مالی بنیاد رکھتی ہے بلکہ اس کی آپریشنل کارکردگی بھی مستحکم اور معیاری ہے۔