سماجی تعلقات موٹاپے سے بچاؤ میں مددگار: شریک حیات سے مضبوط رشتہ جسمانی صحت کے لیے مفید ثابت

news-banner

تازہ ترین - 05 دسمبر 2025

شادی یا پارٹنر کے ساتھ مضبوط تعلق نہ صرف ذہنی سکون دیتا ہے بلکہ جسمانی صحت میں بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر موٹاپے سے بچاؤ میں۔

 

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ شریک حیات کے ساتھ مثبت اور مستحکم تعلق دماغ اور معدے کے درمیان پیچیدہ نظام کو متاثر کرکے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

 

یہ اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے جس میں سماجی تعلقات اور جسمانی وزن کے درمیان براہِ راست تعلق کو واضح کیا گیا ہے۔ 

 

تحقیق میں 100 افراد کو شامل کیا گیا اور ان کے جسمانی وزن، ازدواجی حیثیت، عمر، جنس، غذائی عادات، سماجی و معاشی حیثیت کے ساتھ دماغی اور جسمانی ٹیسٹ کیے گئے، جن میں برین امیجنگ، بلڈ ٹیسٹ اور فضلے کے نمونے شامل تھے۔

 

نتائج سے ظاہر ہوا کہ شریک حیات سے مضبوط تعلق رکھنے والے افراد کا وزن کم اور غذائی عادات صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں۔

 

 اس کے علاوہ، ایسے افراد کے معدے میں ایسے بیکٹیریا کی نشوونما ہوتی ہے جو سوزش کو کم کرتے، مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے اور جسمانی توانائی اور دماغی صحت کو متوازن رکھتے ہیں۔

 

تحقیق میں ہارمون آکسی ٹوسین کی بھی اہمیت بیان کی گئی، جو مثبت تعلقات کے اثرات کو جسمانی صحت میں منتقل کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔

 

یہ نتائج جرنل Gut Microbes میں شائع ہوئے ہیں۔