جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا شاندار آغاز، پاکستانی فنکاروں کی شرکت اور قومی پرچم کی پہلی بار سربلندی

news-banner

تازہ ترین - 05 دسمبر 2025

جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کا شاندار آغاز ہوا، جس میں پاکستان کے معروف اداکاروں نے بھی اپنی موجودگی سے چرچا بنایا۔

 

فیسٹیول کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا قومی پرچم بلند کیا گیا، جس میں سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو، تخلیقی ماہر توثیق حیدر اور معروف فلم ساز شہزاد نواز نے ملک کی نمائندگی کی۔

 

 پاکستانی وفد فیسٹیول کے دوران ایک اہم پینل ڈسکشن میں بھی حصہ لے گا۔

 

یہ تاریخی لمحہ پاکستان کے سینمائی سفر کے لیے نئے اعتماد اور شناخت کا دروازہ کھولتا ہے اور عالمی فلمی منظرنامے میں ملک کی موجودگی کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

 

 یہ فیسٹیول 4 سے 13 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا اور اس کا آغاز راؤن اتھالے کی فلم جائنٹ کے عالمی پریمیئر سے ہوا، جو برطانوی یمنی باکسنگ لیجنڈ پرنس نسیم حمید کی زندگی اور کامیابیوں پر مبنی سوانحی ڈرامہ ہے۔

 

فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 111 فلموں کے پریمیئر شامل ہیں، جن میں 45 سے زائد ممالک کی 38 عالمی فلمیں بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ 

 

اس سال مرکزی مقابلے کی جیوری کی سربراہی آسکر یافتہ فلم ساز شین بیکر کر رہے ہیں، جبکہ جیوری میں مختلف خطوں کے ممتاز تخلیق کار شامل ہیں۔

 

صرف پانچ برس میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول مشرقِ وسطیٰ کے اہم ترین اور بااثر فلمی میلوں میں شامل ہو چکا ہے اور خطے کی تخلیقی معیشت کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

 

پاکستانی وفد 9 دسمبر کو ایک کلیدی پینل ڈسکشن میں بھی حصہ لے گا۔

 

 پہلی بار فیسٹیول میں پاکستانی پرچم کی سربلندی اور وفد کی نمائندگی قومی ثقافتی سفارتکاری میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو عالمی سطح پر پاکستانی ٹیلنٹ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

 

عتیقہ اوڈھو، توثیق حیدر اور شہزاد نواز اپنی گفتگو اور موجودگی کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کہانی سنانے، تخلیقی اظہار اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور فعال ہے۔

 

 وفد نے ہیُو ورکس کی نوشین احمد وسیم کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستانی وفد کی فیسٹیول میں شمولیت میں اہم کردار ادا کیا، جو ملک کی تخلیقی صنعت کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔