اوپن اے آئی اور آسٹریلوی کمپنی نے سڈنی میں 4.6 ارب ڈالر مالیت کا اے آئی مرکز قائم کرنے کا معاہدہ کیا

news-banner

تازہ ترین - 05 دسمبر 2025

چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے آسٹریلوی ڈیٹا سینٹر آپریٹر نیکسٹ ڈی سی کے ساتھ سڈنی میں اربوں ڈالر مالیت کے اے آئی مرکز کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

 

اس منصوبے میں مصنوعی ذہانت کے کیمپس اور گرافکس پروسیسنگ یونٹس کا ’سپر کلسٹر‘ شامل ہوگا، اور دونوں کمپنیاں مغربی سڈنی میں اے آئی انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی، ترقی اور آپریشن میں تعاون کریں گی۔

 

معاہدے کے اعلان کے بعد نیکسٹ ڈی سی کے حصص میں 4.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

آسٹریلوی حکومت کے مطابق یہ 7 ارب آسٹریلوی ڈالر (4.6 ارب امریکی ڈالر) کا منصوبہ تعمیراتی مراحل میں ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرے گا، اور بعد ازاں تکنیکی، مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ اور آپریشنل شعبوں میں ملازمتیں فراہم کرے گا۔

 

منصوبے میں قابل تجدید توانائی کے طویل مدتی پاور پرچیز ایگریمنٹس استعمال کیے جائیں گے اور جدید فیچرز شامل ہوں گے، جیسے ٹھنڈک کے لیے پینے کے پانی کی ضرورت نہ ہونا۔

 

خزانچی جم چالمرز نے کہا کہ یہ منصوبہ ظاہر کرتا ہے کہ آسٹریلیا کے پاس ٹیلنٹ، صاف توانائی کی صلاحیت، تجارتی شراکت داری اور پالیسی کے انتظامات موجود ہیں جو اسے اے آئی کے شعبے میں ایک اہم ملک بنا سکتے ہیں۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ ایسی شراکت داریاں معیاری ملازمتیں پیدا کرنے، مہارتیں بڑھانے اور معیشت میں اے آئی کے وسیع پیمانے پر اپنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔