کامسٹیک کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی ورکشاپ کا آغاز

news-banner

پاکستان - 02 جولائی 2025

اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (COMSTECH) کے زیر اہتمام "معیارِ تعلیم اور جامعات کی درجہ بندی" کے عنوان سے بین الاقوامی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا ہے۔

 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے OIC کے رکن ممالک سے آئے ماہرینِ تعلیم، وائس چانسلرز، کوالٹی انہانسمنٹ سیلز (QECs) کے ڈائریکٹرز اور دیگر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

 

انہوں نے کہا کہ جامعات کی ساکھ، ترقی اور بین الاقوامی معیار پر مسابقت کے لیے کوالٹی ایشورنس ایک بنیادی عنصر ہے، جو صرف ایک رسمی عمل نہیں بلکہ پائیدار تعلیمی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کاوش اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDG-4) کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

 

ورکشاپ میں 27 ممالک کے 500 سے زائد ماہرین اور 300 سے زائد جامعات کے نمائندگان نے فزیکل اور آن لائن شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد جامعات کے تعلیمی معیار کو بہتر بنا کر ان کی درجہ بندی، ساکھ، اور عالمی سطح پر پذیرائی کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف تعلیمی نظاموں کے بہترین تجربات کا تبادلہ، شفافیت، جوابدہی، مانیٹرنگ و ایویلیوایشن کے نظام کو مضبوط بنانا، اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق تحقیق، اختراع اور روزگار کے مواقع بڑھانا بھی مقاصد میں شامل ہیں۔

 

ورکشاپ میں ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول اور ڈاکٹر جینیفر کول رائٹ سمیت ممتاز ماہرینِ تعلیم نے مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ یونیورسٹی آف لیسٹر کے تجربات کو بطور کیس اسٹڈی پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے خاص دلچسپی سے سنا۔

 

ماہرین نے زور دیا کہ مسلم دنیا کی جامعات کو عالمی منظرنامے پر مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے باہمی تعاون، معیارِ تعلیم کی بہتری اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا ہو گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ ورکشاپ مسلم دنیا کی جامعات کے درمیان تعلیمی ہم آہنگی اور اشتراک کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔