جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے‘وزیر داخلہ محسن نقوی

news-banner

پاکستان - 03 جولائی 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں وزیراعظم پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، اور اس امن کی کوشش کے پیچھے بھی "وردی" کا اہم کردار موجود ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے۔

 

محرم الحرام کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قیامِ امن میں علما کا ہمیشہ نمایاں کردار رہا ہے، اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ تمام مسلمانوں کے ہیں اور محرم الحرام میں اتحاد و یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں اللہ کی نصرت سے پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی، بھارتی میزائل اپنے ہدف تک نہیں پہنچے جبکہ پاکستانی جوابی کارروائی میں بھارت کے آئل ڈپو کو نشانہ بنایا گیا، مگر سویلین علاقوں کو محفوظ رکھا گیا۔ ان کے مطابق جنگ میں پاکستان کو فیلڈ مارشل کی سطح پر کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور بھارت کو چار گنا زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔

 

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مقامی علما سے مشاورت انتہائی ضروری ہے، کیونکہ عوامی تعاون کے بغیر امن ممکن نہیں۔

 

اس موقع پر وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ علما نے دہشت گردی کے خلاف بہترین کردار ادا کیا ہے، اور موجودہ حالات میں قوم کو نفرت، فرقہ واریت اور دشمن کے ایجنڈے سے بچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

 

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ ان کے مطابق آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی ملی اور بھارت کی جھوٹی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران-اسرائیل جنگ میں بھی پاکستان کا کردار قابلِ فخر ہے، اور محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔