مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا انکشاف: جاوید میانداد کے چھکے نے شادی کے دن کی خوشی مایوسی میں بدل دی

news-banner

دنیا - 03 جولائی 2025

بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی زندگی کے ایک دلچسپ لمحے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لیجنڈری پاکستانی کرکٹر جاوید میانداد کے تاریخی چھکے نے ان کی شادی کے دن کی خوشی پر پانی پھیر دیا تھا۔

 

ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے نوجوانی کے دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اور رینا دتہ نے محض 21 سال کی عمر میں گھر والوں کی مخالفت کے باوجود چپکے سے شادی کر لی تھی۔ شادی کے بعد جب وہ گھر لوٹے تو دونوں کے اہلِ خانہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری شارجہ کرکٹ میچ میں مگن تھے، جس کی وجہ سے کسی کو ان کی غیر حاضری کا پتہ ہی نہ چلا۔

 

یہی وہ تاریخی میچ تھا جو 10 اپریل 1986 کو شارجہ میں کھیلا گیا، جہاں جاوید میانداد نے بھارت کے خلاف آخری گیند پر چھکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی تھی۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جیت قریب دیکھ کر وہ بے حد خوش تھے، مگر جاوید میانداد کے آخری لمحات میں چھکے نے ان کی خوشی کو مایوسی میں بدل دیا۔

 

انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ بعد میں ایک فلائٹ میں جاوید میانداد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے مزاحاً کہا: "جاوید بھائی، آپ نے میری شادی کا دن خراب کر دیا تھا، اس دن میں نے شادی کی تھی اور آپ نے چھکا مار کر بھارت کو ہرا دیا!"