امریکی نائب صدر نے مودی کو "ممکنہ پاکستانی حملے" سے خبردار کیا‘بھارتی وزیرِ خارجہ کا انکشاف

news-banner

دنیا - 02 جولائی 2025

بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کی رات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو فون کر کے خبردار کیا تھا کہ پاکستان بھارت پر ایک "بڑا حملہ" کرنے والا ہے، اگر کچھ مخصوص مطالبات تسلیم نہ کیے گئے۔

 

امریکی جریدے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے شنکر نے کہا کہ وہ خود اس وقت اس کمرے میں موجود تھے جہاں یہ گفتگو ہوئی۔ ان کے بقول، امریکی نائب صدر نے واضح طور پر ممکنہ حملے کا ذکر کیا، جس پر وزیرِ اعظم مودی نے فوری اور سخت ردِ عمل دیتے ہوئے عندیہ دیا کہ بھارت بھی بھرپور جواب دے گا۔

 

واضح رہے کہ اس تناظر میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات کا مؤثر جواب "آپریشن بنیان مرصوص" کے ذریعے دیا تھا۔ اس جوابی کارروائی میں بھارت کے 10 سے زائد اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

 

پاکستانی افواج نے بھارتی فضائی تنصیبات جیسے آدم پور، ادھم پور، بھٹنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کے ایئر بیسز و فیلڈز کو مؤثر طور پر تباہ کیا۔ اس کے علاوہ اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلوارا ایئر فیلڈز بھی شدید نقصان کا شکار ہوئیں۔

 

یہ پیش رفت ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برقرار رکھنا نہ صرف ضروری ہے بلکہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینا پاکستان کی عسکری حکمتِ عملی کا بنیادی جزو ہے۔