باجوڑ دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار و دیگر اہلکار شہید، وزیرِاعظم کی مذمت

news-banner

پاکستان - 02 جولائی 2025

باجوڑ کے علاقے پھاٹک میلہ کے قریب سرکاری گاڑی پر ہونے والے خوفناک دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل سلطان، تحصیلدار عبدالوکیل، صوبیدار نور حکیم، اور کانسٹیبل رشید سمیت کئی سرکاری اہلکار شہید ہو گئے۔

 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو فوری اور مکمل طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

 

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

 

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے واقعے کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے شہید افسران کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہند کے ایجنڈے پر چلنے والے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

 

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنانے کو بزدلانہ اور شرمناک عمل قرار دیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے ساتھ لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

 

یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ پاکستان کے ریاستی ادارے، خاص طور پر فرنٹ لائن افسران، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قومی سلامتی کا علم بلند رکھے ہوئے ہیں۔