فیصل آباد: خاتون کا ڈیٹا چرا کر بلیک میلنگ کرنے والے موبائل مکینک اور ساتھی گرفتار

پاکستان - 02 جولائی 2025
فیصل آباد کے علاقے کچہری بازار میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون مکینک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزمان نے ایک خاتون کی جانب سے مرمت کے لیے دیے گئے موبائل فون سے ذاتی ڈیٹا حاصل کیا اور اسے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ خاتون کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے فوری کارروائی کی اور دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
گرفتاری کے بعد دونوں ملزمان کو سینئر سول جج کریمنل ڈویژن اشفاق ملک کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تفتیش کے لیے تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا مکمل تعاون حاصل ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انہوں نے دیگر افراد کے ڈیٹا سے متعلق بھی کوئی مجرمانہ سرگرمی کی ہے۔