حماس کی جنگ بندی تجویز پر غور، شرط اسرائیلی فوج کا غزہ سے مکمل انخلاء

دنیا - 03 جولائی 2025
حماس نے تصدیق کی ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی گئی تازہ جنگ بندی تجویز کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم کسی بھی معاہدے کی بنیادی شرط اسرائیلی افواج کا غزہ سے مکمل انخلاء ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے مصر اور قطر کے ذریعے موصول ہونے والی تجاویز پر غور کا عندیہ دیا ہے اور ایسی ڈیل چاہتی ہے جو نہ صرف جنگ کا خاتمہ کرے بلکہ اسرائیلی فوج کے انخلاء کو بھی یقینی بنائے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی حکام اور حماس کے نمائندوں کے درمیان بالواسطہ رابطے جاری ہیں۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا مقصد حماس کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا، "نہ حماس رہے گی، نہ حمستان، ہم ماضی کی طرف واپس نہیں جائیں گے۔" دونوں فریقین کے بیانات سے واضح ہے کہ جنگ بندی کے کسی ممکنہ معاہدے میں اب بھی شدید اختلافات حائل ہیں۔