طلاق کے بعد محمد شامی کی مشکلات میں اضافہ — عدالت کا ماہانہ 4 لاکھ روپے نان نفقے کا حکم

news-banner

دنیا - 03 جولائی 2025

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کو عدالتی حکم کے تحت اپنی سابقہ اہلیہ حسین جہاں اور بیٹی آئرا کو ماہانہ 4 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے، جس سے ان کی قانونی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکتہ ہائی کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ محمد شامی اپنی بیٹی کو ماہانہ 2.5 لاکھ روپے جبکہ سابق اہلیہ کو 1.5 لاکھ روپے نان نفقے کے طور پر ادا کریں۔ عدالت نے مزید واضح کیا کہ شامی اگر چاہیں تو بیٹی کی تعلیم یا دیگر ضروریات کے لیے اضافی اخراجات اپنی مرضی سے ادا کر سکتے ہیں۔

 

عدالت نے حکم دیا کہ یہ ادائیگی گزشتہ سات سال سے لاگو سمجھی جائے گی، یعنی انہیں بقایا جات بھی ادا کرنا ہوں گے، جو فاسٹ بولر کے لیے ایک بڑا قانونی و مالی جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ 2014 میں شادی اور 2015 میں بیٹی کی پیدائش کے بعد، 2018 میں حسین جہاں نے گھریلو تشدد، زنا اور جہیز کے لیے ہراسانی کے الزامات کے تحت محمد شامی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ یہ کیس تاحال عدالت میں زیر سماعت ہے اور خواتین کو گھریلو تشدد سے تحفظ کے قانون کے تحت دائر کیا گیا تھا۔

 

عدالت نے ماتحت عدالت کو بھی ہدایت دی ہے کہ یہ مقدمہ چھ ماہ کے اندر نمٹا دیا جائے۔

 

یاد رہے کہ 2023 میں ایک عبوری فیصلے کے تحت محمد شامی کو سابقہ اہلیہ کو 50 ہزار روپے اور بیٹی کو 80 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جسے حسین جہاں نے ناکافی قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔