پی ٹی آئی کا 4 منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف نااہلی ریفرنس اسپیکر کو بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان - 03 جولائی 2025
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی جماعت سے منحرف ہونے والے چار اراکین اسمبلی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کو نااہلی کا ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے بتایا کہ جن ارکان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ان میں چوہدری عثمان علی، مبارک زیب، اورنگزیب کھچی اور ظہور قریشی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اراکین نے 26ویں آئینی ترمیم کے دوران پارٹی مؤقف کے خلاف ووٹ دیا، جو آئینی و جماعتی خلاف ورزی ہے۔.
اسد قیصر نے مؤقف اپنایا کہ ان اراکین نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور قرآن پر وفاداری کا حلف اٹھایا، لیکن اب وہ اس عہد کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو جلد بھیجا جائے گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مبارک زیب آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے تھے اور باقاعدہ طور پر پارٹی میں شامل نہیں ہوئے، تاہم دیگر تین ارکان باضابطہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔
پارٹی ذرائع نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد مخصوص نشستوں کے فیصلے کا انتظار کیا گیا، اس دوران مذکورہ اراکین نے جماعتی پالیسی سے اختلاف کر کے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی۔