باجوڑ دھماکہ: سی ٹی ڈی کی ابتدائی رپورٹ مکمل، 7 دہشتگردوں کی نشاندہی، ایف آئی آر درج

پاکستان - 03 جولائی 2025
باجوڑ کے علاقے پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے خطرناک دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لی گئی ہے جبکہ انسداد دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی مکمل کر لی ہے۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے موٹر سائیکل کے پرزے، بارودی مواد اور آئی ای ڈی کے ٹکڑے برآمد کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث 7 دہشت گردوں کی نشاندہی ہو چکی ہے اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے باجوڑ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ متاثرین کو علاج کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر، تحصیل دار، پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے، واقعے نے پورے علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔