اسپیکر ایاز صادق تنخواہوں پر تنقید سے ناراض، وزیراعظم کو خط لکھ دیا

پاکستان - 03 جولائی 2025
قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر تنقید پر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کا اختیار ہے، اور اس فیصلے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
ایاز صادق نے خط میں لکھا کہ وزیراعظم چاہیں تو ان کی تنخواہ میں اضافہ نہ کریں، انہوں نے اپنی تنخواہ سے متعلق فیصلہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے خواجہ آصف کے الزامات کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ خواجہ آصف نے ایک دن قبل سوشل میڈیا پر اسپیکر، چیئرمین سینیٹ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کو "مالی فحاشی" قرار دیتے ہوئے اسے قومی خزانے کا استحصال کہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی عہدیداروں کو عام آدمی کی مشکلات کا ادراک ہونا چاہیے کیونکہ ہماری تمام عزت، اختیار اور حیثیت عوام کی مرہون منت ہے۔