لوک موسیقی کے عظیم گلوکار عالم لوہار کو بچھڑے 46 برس بیت گئے

پاکستان - 03 جولائی 2025
پنجابی لوک موسیقی کے شہنشاہ، منفرد آواز اور چمٹے کے سُر بکھیرنے والے عالم لوہار کی یادیں آج بھی زندہ ہیں۔ مداحوں کو ان سے بچھڑے 46 برس بیت گئے، مگر ان کے گائے گیت آج بھی دلوں میں گونجتے ہیں۔
یکم مارچ 1928ء کو گجرات کے نواحی گاؤں میں پیدا ہونے والے عالم لوہار نے کم عمری میں گلوکاری کا آغاز کیا۔ ان کی خاص پہچان چمٹا بنا، جسے انہوں نے بطور ساز استعمال کر کے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔ ان کے گائے ہوئے پنجابی لوک گیت، خاص طور پر "جگنی"، آج بھی عوامی دلوں میں بستے ہیں اور کئی فلموں میں شامل کیے گئے۔
عالم لوہار نے "ہیر وارث شاہ" کو موسیقی کی 30 سے زائد اصناف میں گایا، جس نے ان کے فن کو امر کر دیا۔ ان کے گیت پنجاب کی ثقافت، زمین اور لوک روایت کا حصہ بن چکے ہیں۔
3 جولائی 1979ء کو شامکے بھٹیاں کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں عالم لوہار انتقال کر گئے۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں بعد از وفات صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔