وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا جھنگ کا دورہ، محرم الحرام کے انتظامات اور سیکیورٹی کا جائزہ

پاکستان - 03 جولائی 2025
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جھنگ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں کے روایتی راستوں میں کسی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے اپیل کی کہ وہ محرم کے دوران صبر، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھی جا سکے۔