انروا کا مطالبہ: غزہ میں اقوام متحدہ کو امدادی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے، شہید فلسطینیوں پر تحقیقات کا مطالبہ

news-banner

دنیا - 03 جولائی 2025

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انروا نے زور دیا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کو مکمل امدادی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے تاکہ انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔ عرب میڈیا کے مطابق انروا نے ان فلسطینیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعات پر بھی آزاد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جو امداد حاصل کرنے کے دوران اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔

 

انروا کا کہنا ہے کہ غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے محدود دائرہ کار سے قبل، اقوام متحدہ پورے غزہ میں 400 سے زائد امدادی مراکز کے ذریعے مدد فراہم کر رہا تھا، لیکن اب صرف 4 میگا سینٹرز فعال ہیں، جن میں سے ایک وسطی علاقے اور باقی تین جنوبی غزہ میں واقع ہیں، جب کہ شمالی علاقے مکمل طور پر نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔

 

ادارے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امدادی سرگرمیوں کی فراہمی تکریم، سلامتی اور برابری کے اصولوں کے تحت ہر فرد تک پہنچنی چاہیے۔

 

دوسری جانب غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں صرف آج صبح سے اب تک 73 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ میڈیا آفس کے مطابق پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران شہداء کی مجموعی تعداد 300 تک پہنچ چکی ہے۔ شہداء میں وہ 33 افراد بھی شامل ہیں جو امداد حاصل کرنے کے لیے غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے سینٹرز کے قریب موجود تھے اور اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔