دن کی شروعات میں یہ 5 غذائیں وزن کم کرنے اور میٹابولزم بڑھانے میں مددگارv

news-banner

تازہ ترین - 04 جنوری 2026

ماہرین صحت کے مطابق دن کا آغاز سوچ سمجھ کر کی جانے والی خوراک سے کرنے سے وزن کم کرنا نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ خالی پیٹ کچھ مخصوص غذائیں استعمال کرنے سے نہ صرف میٹابولزم تیز ہوتا ہے بلکہ بھوک پر قابو پانے، توانائی بڑھانے اور جسم میں چربی کے جمع ہونے کے عمل کو سست کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

 

 اسی لیے وزن کم کرنے والے افراد کو صبح کی خوراک پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

 

این ڈی ٹی وی کے مطابق فٹنس ایکسپرٹ نیہا پریہار نے پانچ ایسی غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو خالی پیٹ کھانے یا پینے سے وزن کم کرنے میں معاون ہو سکتی ہیں۔

 

 انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ سال کے اختتام پر وزن بڑھنے کی اصل وجہ ایک دن زیادہ کھانا نہیں بلکہ روزانہ کی غلط عادات، صبح کا غیر صحت مند آغاز، غیر ضروری خواہشات، توانائی کی کمی اور جسم میں چربی کا بتدریج جمع ہونا ہے۔

 

نیہا پریہار کے مطابق دن کی شروعات بھگوئے ہوئے بادام یا اخروٹ سے کی جا سکتی ہے۔

 

 یہ غذائیں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی سے بھرپور ہیں، میٹابولزم کو بہتر بناتی ہیں، دیر تک توانائی فراہم کرتی ہیں اور غیر ضروری بھوک کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

 

ماہرِ صحت خالی پیٹ بغیر چینی کے آملے کا رس پینے کو بھی مفید قرار دیتی ہیں۔

 

 آملے کا رس نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، میٹابولزم تیز کرتا ہے اور بھوک پر قابو پانے میں معاون ہوتا ہے۔

 

اسی طرح برازیل نٹس بھی خالی پیٹ استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہیں۔ ان میں سیلینیم، پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی پائی جاتی ہے جو توانائی فراہم کرتی ہے، تھائیرائیڈ کے افعال کو بہتر بناتی ہے اور ہارمونز کے توازن میں مدد دیتی ہے۔ انہیں پانی یا بھگوئے ہوئے بادام کے ساتھ لیا جا سکتا ہے۔

 

خالی پیٹ گرم پانی میں ہلدی اور کالی مرچ ملا کر پینا بھی صحت مند عادت سمجھی جاتی ہے، جس سے میٹابولزم بہتر ہوتا ہے اور وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

چیا سیڈ والا پانی بھی وزن کنٹرول کرنے کا آسان طریقہ ہے۔

 

 اگرچہ یہ براہِ راست چربی نہیں جلاتا، مگر بھوک کم کرنے اور ہاضمہ بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، جس سے کیلوریز کم لینے میں آسانی ہوتی ہے۔

 

فٹنس کوچ نیہا پریہار کا کہنا ہے کہ اگر ان غذاؤں کو باقاعدگی سے متوازن خوراک، گھر پر سادہ ورزش اور روزانہ خود احتسابی کے ساتھ اپنایا جائے تو 30 سے 90 دن کے اندر واضح نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔