وزیراعظم کی ایس ایم ایز کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کی ہدایت

news-banner

پاکستان - 05 جنوری 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کی ترقی سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

 

وزیراعظم کی زیر صدارت سمیڈا (SMEDA) کے بزنس پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے آئندہ تین برسوں پر مشتمل روڈ میپ پیش کیا گیا۔

 

وزیراعظم نے قابلِ عمل اور مؤثر بزنس پلان کی تیاری پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی مضبوطی سے برآمدی شعبہ مستحکم ہو سکتا ہے۔

 

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے۔

 

اجلاس میں ایس ایم ایز کو درپیش مسائل، ان کے حل کے لیے حکمت عملی، برآمدات میں شمولیت کے امکانات اور بزنس پلان کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کو عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ استعداد بڑھانے کے لیے حالیہ مہینوں میں چھ شہروں میں ورکشاپس اور متعدد تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے۔

 

اجلاس میں خواتین کی ایس ایم ای سیکٹر میں شمولیت اور فعال کردار کے فروغ کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔